ایران میں مئی کے آغاز سے امریکی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں ایرانی تومان کی گراوٹ کا آغاز ہوا جس کے بعد ایرانی کرنسی ایک بار پھر ڈالر کے مقابلے میں نچلی ترین سطح پر آگئی ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ایرانی کرنسی تومان کی قیمت میں غیرمعمولی کمی آئی ہے۔ تازہ اعدادو شمار کے مطابق ایک امریکی ڈالر 18 ہزار ایرانی تومان کے برابر ہوگیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یکم مئی سے ڈالر کے مقابلے میں 2000 تومان نیچے آیا ہے۔ یکم مئی سے 13 مئی تک ایرانی تومان کی قیمت ڈالر کےمقابلے میں 17 ہزار تومان نیچے چلی گئی۔
ایران میں کرنسی ایکسچینج کی نگرانی کرنے والی سائٹوں کے مطابق دارالحکومت تہران میں فرری مارکیٹ میں ڈالر کی فروخت اور خریداری 18000 تومان کی حد سے تجاوز کرگئی جو مئی 2018 کے امریکا کی طرف سے جوہری معاہدے سے علاحدگی اور ایران پر اقتصادی پابندیوں کی بحالی کے وقت تومان کی قیمت کے قریب پہنچ گئی ہے۔
نومبر 2018ء میں تیل کے شعبے پر امریکی پابندیاں سخت کرنے کے ساتھ ہی ایرانی کرنسی بدترین زوال کا شکار ہوئی تھی۔