ماہرین فلکیات نے سعودی عرب میں اس سال رمضان المبارک کے 30 روزوں کی پیش گوئی کی ہے۔ ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ جمعۃ المبارک 29رمضان المبارک کو چاند سورج سے قبل غروب ہوجائے گا۔ اس طرح اس روز شوال کا چاند نظر نہیں آئے گا اور ماہ صیام کے تیس روزے پورے ہوں گے اور عیدالفطر اتوار کو ہوگی۔
سعودی عرب کی المجمعہ رصدگاہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 29 رمضان المبارک کو چاند سورج سے 13 منٹ قبل غروب ہوجائے گا۔ فلکی حساب کے مطابق سعودی عرب میں انتیس رمضان کو سورج 293 درجے پر شام چھ بج کر 39 منٹ پر غروب ہوگا جب کہ چاند چھ بج کر 26 منٹ پر یعنی غروب آفتاب سے 13 منٹ قبل افق سے غائب ہوجائے گا۔
رصدگاہ کے مطابق ہفتے کے روز 30 رمضان المبارک 23 مئی کو سورج چھ بج کر چالیس منٹ پر غروب ہوگا جب کہ چاند سات بج کر 23 منٹ پر غروب ہوگا۔ اس طرح تیس رمضان المبارک کی شام کو شوال کا چاند غروب آفتاب کے بعد 43 منٹ تک افق پر دیکھا جاسکے گا۔
سعودی عرب کی القصیم یونیورسٹی میں جغرافیے اور موسمیات کے استاد پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ المسند نے بتایا کہ 29 رمضان المبارک کو چاند مکہ معظمہ میں غروب آفتاب سے 10 منٹ قبل غروب ہوگا۔ سورج اور چاند اگلے روز آٹھ بج کر 39 منٹ پر ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔ اس طرح سعودی عرب میں ماہ صیام 30 دنوں کا ہوگا اور عید الفطر اتوار 24 مئی کو ہوگی۔