اسرائیلی پولیس کی مقبوضہ بیت المقدس میں فائرنگ ،ذہنی معذور فلسطینی شہید

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی پولیس نے ہفتے کے روز ایک غیر مسلح اور ذہنی معذور فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق پولیس نے اس فلسطینی نوجوان پر مسلح ہونے کے شُبے میں گولی چلائی ہے لیکن بعد میں پتا چلا ہے کہ وہ غیرمسلح تھا اور ذہنی عارضے میں مبتلا تھا۔

Advertisement

اسرائیلی پولیس کے ترجمان میکی روزنفیلڈ نے کہا ہے کہ ’’ گشت پر مامور پولیس یونٹوں نے ایک مشتبہ نوجوان کو جا لیا،اس کے پاس پستول ایسی کوئی مشتبہ چیز نظر آرہی تھی۔پولیس اہلکاروں نے اس کو رُکنے کا اشارہ کیا اور پھر اس کا پیدل پیچھا کیا ۔اس دوران میں انھوں نے اس مشتبہ شخص پر گولی چلا دی۔‘‘

روزنفیلڈ نے کہا کہ فلسطینی مشرقی القدس کا مکین تھا اور وہ مارا گیا ہے۔فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ وہ ذہنی صحت کے عارضے سے دوچار تھا۔

لیکن پولیس نے صحافیوں سے گفتگو میں اس امر کی تصدیق نہیں کی ہے کہ اس کے پاس کوئی ہتھیار بھی تھا۔اسرائیل کے چینل 13 نیوز نے قبل ازیں یہ رپورٹ دی تھی کہ یہ شخص غیر مسلح تھا۔

تنظیم آزادیِ فلسطین (پی ایل او) کے سیکریٹری جنرل صائب عریقات نے ٹویٹر پر ایک بیان میں فلسطینی نوجوان کی شہادت کی مذمت کی ہے۔انھوں نے کہا کہ ''اسرائیلی فورسز نے 32 سالہ معذور ایاد خیری کو قتل کردیا ہے۔ جب تک دنیا اسرائیل کے ساتھ قانون سے بالاتر ریاست کا معاملہ جاری رکھتی ہے اور بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) اپنے مینڈیٹ کو پورا نہیں کرتی ہے تو اس طرح کے جرائم کسی استثنا کے بغیر جاری رہیں گے۔''

اسرائیلی فوج نے جمعہ کو بھی غربِ اردن میں ایک فلسطینی کو گولی مار کر شہید کردیا تھا اور یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس نے فوجیوں کو کار تلے روندنے کی کوشش کی تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں