.

یمن کے لیے مملکت کی امداد کا حجم 17 ارب ڈالر ہو چکا ہے: سعودی سفیر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن میں سعودی عرب کے سفیر محمد آل جابر نے باور کرایا ہے کہ سال 2020 کے لیے یمن ڈونرز کانفرنس ... انسانی ، اقتصادی اور ترقیاتی میدان میں یمنی عوام کی خدمت کے لیے سعودی عرب کی جانب سے جاری کوششوں کی کڑی ہے۔ یہ کانفرنس منگل کے روز ریاض میں ہو رہی ہے۔ آل جابر یمن میں تعمیر نو سے متعلق سعودی عرب کے پروگرام کے نگرانِ عام بھی ہیں۔ ان کے مطابق سعودی عرب ،،، یمن کی سپورٹ کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ مملکت کی جانب سے انسانی اور ترقیاتی امداد کی مجموعی مالیت کا حجم 17 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔

پیر کی شب ٹویٹر پر اپنی پوسٹ میں سعودی سفیر نے لکھا کہ "سال 2012 کے بعد سے سعودی عرب نے یمن کے لیے 7.8 ارب ڈالر کی براہ راست اقتصادی سپورٹ پیش کی .. اس سلسلے میں یمن کے مرکزی بینک میں 3.2 ارب ڈالر کی رقم جمع کرائی گئی .. کئی برس تک بجلی کے پاور اسٹیشنوں کو چلانے کے لیے 4.15 ارب ڈالر کی پٹرولیم مصنوعات پیش کی گئیں .. ان کے علاوہ 43.5 کروڑ ڈالر کی رقم سوشل ویلفیئر فنڈ کو فراہم کی گئی"۔

آل جابر نے مزید بتایا کہ "یمن کی تعمیر نو سے متعلق سعودی عرب کے پروگرام کے تحت مملکت اس وقت 175 منصوبوں پر عمل درامد کر رہی ہے۔ان میں 45 کا تعلق تعلیم کے سیکٹر سے، 18 کا صحت کے سیکٹر سے، 20 کا انرجی سیکٹر سے، 30 کا پانی کے سیکٹر سے، 13 کا زراعت اور مچھلی کی ثروت کے سیکٹر سے، 23 کا ٹرانسپورٹ سیکٹر سے اور 26 کا تعلق سرکاری عمارتوں کے سیکٹر سے ہے۔

ادھر برطانیہ نے منگل کے روز انکشاف کیا ہے کہ وہ ریاض میں ہونے والی ڈونرز کانفرنس میں یمن کے لیے 16 کروڑ پاؤنڈز کی امداد کا اعلان کرے گا۔

سعودی عرب آج اقوام متحدہ کی شراکت سے ریاض میں سال 2020 کے لیے یمن ڈونرز کانفرنس کا ورچوئل طریقے سے انعقاد کر رہا ہے۔ کانفرنس کا مقصد یمن میں انسانی بحران کے حوالے سے زیادہ بڑے پیمانے پر شعور بیدار کرنا اور یمن کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے مالی امداد کا اعلان ہے۔ کانفرنس کے انعقاد کے لیے سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔

ریاض میں ڈونرز کانفرنس کا انعقاد آج منگل کی سہ پہر مقامی وقت کے مطابق چار بجے ہو گا۔ کانفرنس کی کارروائی درج ذیل لنکس پر براہ راست نشر کی جائے گی:

http://webtv.un.org

https://ksrelief.org/live