.

لیبیا کی نیشنل آرمی کی بنغازی سے سرت کے لیے عسکری کمک روانہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لیبیا کی نیشنل آرمی کی طرف سے سرت شہرمیں قومی وفاق حکومت کی پیش قدمی روکنے کے لیے مزید فوجی کمک روانہ کی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق لیبیا کی نیشنل آرمی کی طرف سے سرت کے لیے روانہ کی گئی نئی کمک کی تصاویر اور ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں فوجی گاڑیوں کو بن غازی سے سرت کے لیے روانہ ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل آرمی کے جنگی طیاروں نے بمباری کے ذریعے قومی وفاق حکومت کی وفادار فورسز کو سرت سے 30 کلو میٹر پسپا کردیا ہے۔

لیبیا کی فوج کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز مصراتہ شہر میں ابو قرین کے مقام پرفوج کے طیاروں نے قومی وفاق حکومت کے ایک عسکری قافلے پربم باری کی جس کے نتیجے میں متعدد فوجی اور غیرملکی جنگجو ہلاک ہوگئے۔ فوجی قافلے کو ابو قرین کے جنوب میں وادی بی میں نشانہ بنایا گیا۔

لیبی فوج کی طرف سے سرت کے لیے تازہ فوجی کمک ایک ایسے وقت میں بھیجی گئی ہےجب دوسری طرف قومی وفاق حکومت نے دروب النصرکے عنوان سے نیا آپریشن شروع کیا ہے جس کا مقصد سرت اور مصراتہ شہروں پر لیبی فوج کا کنٹرول ختم کرتے ہوئے انہیں اپنی عمل داری میں لانا ہے۔