.

سعودی عرب: دوسرے مرحلے میں مزید 5 ہوائی اڈوں کا آپریشن بحال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں سول ایوی ایشن کی جنرل اتھارٹی کے مطابق مملکت کے اندر فضائی پروازوں کی بحالی کے منصوبے کے تحت مزید 5 ہوائی اڈوں پر سرگرمیاں کا دوبارہ آغاز ہو گیا ہے۔

ٹویٹر پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ مذکورہ پانچ ہوائی اڈوں میں "بيشہ ، طائف ، ینبع ، حفر الباطن اور شرورہ" شامل ہیں۔

ایوی ایشن اتھارٹی نے اتوار 31 مئی 2020 سے مملکت کے اندرون فضائی پروازوں کا دوبارہ سے آغاز کر دیا تھا۔

اس موقع پر اتھارٹی نے واضح کیا تھا کہ اندرون ملک فضائی پروازوں پر پابندی کو بتدریج ختم کیا جائے گا۔ اس کا مقصد سعودی ہوائی اڈوں کے راستے مسافروں کا سفر محفوظ بنانا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مملکت کے تمام ہوائی اڈوں پر احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کو مکمل طور پر نافذ کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں اسے وزارت صحت اور متعلقہ حکومتی اداروں کا تعاون حاصل ہے۔

سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق اندرون ملک فضائی پروازوں کا دوبارہ آغاز مرحلہ وار ہو گا۔ دو ہفتوں کے اندر تمام مقامات اس میں شامل ہو جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں درج ذیل ہوائی اڈوں کا آپریشن شامل ہے : ریاض کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جدہ کا کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، دمام کا کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، مدینہ منورہ کا پرنس محمد بن عبدالعزيز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، قصیم کا پرنس نائف بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ، تبوک کا پرنس سلطان بن عبدالعزيز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جازان کا کنگ عبدالله بن عبدالعزيز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، حائل انٹرنیشنل ایئرپورٹ، باحہ میں کنگ سعود ایئرپورٹ اور نجران ایئرپورٹ.

دوسرے مرحلے میں بيشہ، طائف، ينبع، حفر الباطن اور شرورہ کے ہوائی اڈے شامل ہیں۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے 21 مارچ 2020 کو اندرون ملک فضائی پروازوں کو معطل کر دیا تھا۔ یہ اقدام دنیا بھر میں کرونا کی وبا پھیل جانے کے تناظر میں کیا گیا۔ تاہم انسانی بنیادوں، ہنگامی صورت حال اور بیرون ملک سے مملکت واپسی کے خواہش مند شہریوں کے سفر کو اس فیصلے سے مستثنی رکھا گیا۔