.

سعودی عرب : 1.4 کروڑ ماسک کی کھیپ وصول

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے 90 ٹن ماسک کی کھیپ (1.4 کروڑ ماسک) مملکت پہنچ گئی ہے۔ یہ بات جنرل اتھارٹی فار فوڈ اینڈ ڈرگ میں رابطے اور آگاہی کے شعبے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر تیسیر المفرح نے بتائی۔ اس کھیپ کی آمد کا مقصد سعودی عرب کی مارکیٹ میں ماسک کی طلب کو پورا کرنا اور اس کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

المفرح نے باور کرایا کہ یہ پیش رفت سعودی عرب میں طبی لوازمات کی امداد کے سپورٹ پروگرام کا حصہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ عرصے میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا تا کہ سعودی عرب کی تمام منڈیوں میں ماسک کی دست یابی ممکن ہو سکے۔

مذکورہ عہدے دار کے مطابق حالیہ کھیپ کا پہنچنا نجی سیکٹر اور حکومتی اداروں کے درمیان انتہائی شان دار تعاون کا نتیجہ ہے۔ اس سلسلے میں سعودی ایئرلائن کے کارگو اور لوجسٹک خدمات کے لیے سعودی کمپنی کا تعاون بھی حاصل رہا۔

تیسیر المفرح نے بتایا کہ سعودی عرب میں مقامی سطح پر روزانہ 20 لاکھ کے لگ بھگ ماسک تیار کیے جا رہے ہیں۔ اس منصوبے کی نگرانی سعودی وزارت صنعت انجام دے رہی ہے۔