.

اقوام متحدہ کی زیرنگرانی لیبی فوج اور قومی وفاق میں مذاکرات کے تیسرے دور کا آغاز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اس کے زیرنگرانی لیبیا میں متحارب فریقین کے درمیان 5+5 رکنی کمیٹی پر مشتمل مذاکرات کے تیسرے دور کا آغاز ہوگیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لیبیا کی نیشنل آرمی اور قومی وفاق کے نمائندوں پر مشتمل مذاکراتی ٹیموں نے تین جون کوبات چیت کی تھی۔ اس کے علاوہ منگل کے روز بھی دونوں فریقوں کے نمائندوں نے مذاکرات کیے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فریقین میں مذاکرات خوش گوار ماحول میں ہوئے۔ دونوں گروپوں نے کھل کر ملک کی موجودہ صورت حال پر اپنے اپنے موقف کا اظہار کیا۔ دونوں نے23 فروری 2020ء کو اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن کی طرف سے پیش کردہ جنگ بندی سے متعلق فارمولے پراپنے تحفظات کا بھی اظہارکیا۔

خیال رہے کہ لیبیا میں اقوام متحدہ کی زیرنگرانی متحارب فریقین میں ہونے والے مذاکرات کے ساتھ ساتھ مختلف محاذوں پر لڑائی بھی جاری ہے۔ پانچ سے آٹھ جون کے دوران لیبیا میں ہونے والے پر تشدد واقعات اور حملوں میں تین خواتین اور پانچ بچوں سمیت 19 افراد ہلاک اور کم سے کم 12 زخمی ہوگئے۔