یمن میں ذرائع نے العربیہ اور الحدث نیوز چینلوں کو بتایا ہے کہ آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے النہدین اور جبل عطان کے علاوہ صنعاء کے جنوب اور مغرب میں کئی علاقوں میں حوثی ملیشیا کے عسکری ٹھکانوں، ہتھیاروں کے گوداموں اور بیلسٹک میزائل داغنے کے لانچنگ پیڈز کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا۔
عینی شاہدین نے تصدیق کی ہے کہ آج صبح سویرے کئی دھماکے سنے گئے جنہوں نے دارالحکومت کو لرزا دیا۔ اس سے قبل بم باری کی کارروائی عمل میں آئی جس میں بنیادی توجہ حوثی ملیشیا کے عسکری کیمپوں اور ہتھیاروں کے خفیہ ڈپوؤں پر مرکوز رہی۔
اس سے قبل عرب اتحاد نے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ اس نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے صوبے عسیر کی جانب بھیجے گئے دھماکا خیز مواد سے بھرے ڈرون طیارے مار گرائے۔
یاد رہے کہ حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کی شہری آبادی کو بار بار میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یہ حملے بین الاقوامی قانون اور عالمی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
عرب اتحاد اس سے قبل تصدیق کر چکا ہے کہ اب تک مملکت کی جانب بھیجے گئے جن ڈرون طیاروں کو مار گرایا گیا ان کی تعداد 357 ہے۔