سعودی عرب نے کرونا وائرس کے پھیلائو کی وجہ سے متاثر ہونے والی سیاحتی سرگرمیوں کی بہ تدریج بحالی کا فیصلہ کیا ہے۔ سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرونا وبا کی وجہ سے متاثرہ اقتصادی اور سیاحتی سرگرمیوں کو رواں ماہ کے شوال کے آخر تک بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بدھ کو العربیہ ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے وزیر سیاحت نے کہا کہ موجودہ اشارے مثبت ہیں یہی وجہ ہے کہ سعودی عرب نے رواں موسم سرما میں سیاحتی پروگرام کی بحالی کا فیصلہ کیا ہے۔ اندرون ملک سیاحتی سرگرمیوں کی بحالی کے طریقہ کار پرکام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 80 فی صد شہری اندرون ملک سیاحتی سرگرمیوں کی بحالی کے حامی ہیں۔ ملک میں سیاحتی سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز سے قبل محکمہ سیاحت اور وزارت صحت کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ وزیر سیاحت کا کہنا تھا کہ سیاحتی سرگرمیوں کی بحالی وزارت صحت کے وضع کردہ طریقہ کاور اور کرونا بچائو پروٹوکول کے مطابق ہوگی۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز سعودی عرب کی میزبانی میں عرب ممالک کی وزارتی سطح پر سیاحتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اس اجلاس میں عرب ممالک میں کرونا سے متاثرہ سیاحت کے شعبے کی بحالی کے پرغور کیا گیا۔
سعودی وزیر سیاحت نے کہا کہ عرب وزارتی کونسل کے اجلاس کا مقصد کرونا کی وجہ متاثر ہونے والی سیاحت کی بحالی کے لیے نیا میکا نزم تیار کرنا تھا۔