.

مصر : کرونا وائرس کے 1420 نئے کیس اور مزید 85 اموات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر میں وزارت صحت کے اعلان کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس سے متاثرہ مزید 1420 افراد کا انکشاف ہوا ہے۔ اس دوران 85 مریض دنیا سے رخصت ہو گئے جب کہ 400 مزید افراد صحت یاب ہو کر ہسپتالوں اور قرنطینہ مراکز سے باہر آ گئے۔

وزارت صحت کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس طرح بدھ کے روز تک مصر میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسوں کی تعداد 59561 تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں سے 15935 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ 2450 افراد موت کا شکار ہو گئے۔

وزارت کا کہنا ہے کہ کرونا ٹیسٹ کے مثبت نتیجے کے حامل افراد کو ہسپتالوں کے خصوصی شعبوں وار قرنطینہ مراکز میں رکھا گیا ہے۔ ان متاثرین کو عالمی ادارہ صٓحت کی ہدایات کے مطابق طبی نگہداشت فراہم کی جا رہی ہے۔

وزارت صحت نے بتایا کہ کرونا وائرس کے سب سے زیادہ متاثرین جن صوبوں میں ہیں وہ قاہرہ، الجیزہ اور القلیوبیہ ہیں۔ دوسری جانب البحر الاحمر، مطروح اور جنوبی سیناء وہ صوبے ہیں جہاں کرونا وائرس کے سب سے کم کیس سامنے آئے ہیں۔

وزارت صحت نے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس وبائی مرض سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر اور احتیاطی اقدامات کی مکمل پابندی کریں اور سماجی فاصلے کا خصوصی خیال رکھیں۔