یمن کے صوبے الحدیدہ کے جنوب میں مشترکہ افواج کے ہاتھوں حوثی ملیشیا کے 9 ارکان مارے گئے۔
مشترکہ افواج کے عسکری میڈٰیا کے مطابق ہفتے کی شب سروے یونٹوں نے 9 حوثی جنگجوؤں کا پتہ چلایا جو بیت الفقیہ ضلع میں الحسینیہ کی جانب سے کھجوروں کے ایک کھیت کی جانب دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔
عسکری میڈیا نے مزید بتایا کہ اسپیشل مشن کے اہل کاروں نے فوری کارروائی کی اور جھڑپ کے دوران ان میں سے 5 حوثی ہلاک ہو گئے جب کہ بقیہ 4 اس روپوشی کے مقام پر گولہ باری میں مارے گئے جہاں پر یہ لوگ فرار ہو کر چھپ گئے تھے۔
مشترکہ افواج کے عسکری میڈیا کی جانب سے جاری کی جانے والی وڈیو میں اسپیشل مشن کے اہل کاروں کو دراندازی کرنے والے حوثیوں پر حملہ کرتے ہوئے اور پھر فرار کے بعد ان حوثیوں کو مارے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ حوثی ملیشیا نے گذشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مشترکہ افواج کے ہاتھوں بھاری جانی نقصان اٹھایا ہے۔ یہ نقصان الحدیدہ شہر کے علاقے كيلو 16 کے علاوہ الجبلیہ اور الدریہمی کی ٹکڑیوں میں باغیوں کی دراندازی کی کوششوں کے دوران واقع ہوا۔ یہ تمام کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔