.

مصر میں سینیٹ کے انتخابات 11 اور 12 اگست کو منعقد کرانے کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر نے پارلیمان کے دوسرے ایوان سینیٹ کے 11 اور 12 اگست کو پہلے انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔

مصر کے الیکشن کمشنر لاشین ابراہیم نے ہفتے کے روز نشری نیوز کانفرنس میں بتایا ہے کہ پارلیمان کے ایوان بالا المعروف بہ سینیٹرز کونسل کے دو تہائی ارکان کا عوام انتخاب کریں گے اور باقی ایک تہائی ارکان کا صدر تقرر کریں گے۔

واضح رہے کہ سینیٹروں کی کونسل کے قیام کے لیے مصر کے آئین میں گذشتہ سال ترامیم کی گئی تھیں۔یہ ایوان 180 ارکان پر مشتمل ہوگا۔

لاشین ابراہیم نے کہا کہ’’دنیا بھر میں پھیلنے والی کرونا وائرس کی وَبا کے دور میں انتخابات کا انعقاد اس بات کا متقاضی ہے کہ ہم خود کو اور معاشرے کو تحفظ مہیا کرنے کے لیے متعدد پیشگی حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔‘‘

انھوں نے کہا کہ ’’تمام پولنگ اسٹیشنوں پر کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے صحت کی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کی جائے گی۔تمام ووٹروں اور پولنگ عملہ کو چہروں پر ماسک پہننا ہوں گے اور سماجی فاصلے کے لیے رہ نما ہدایات کی پابندی کرنا ہوگی۔‘‘

لاشین ابراہیم نے مزید بتایا ہے کے سینیٹ کے انتخابات کے نتائج کا اعلان 19 اگست کو سرکاری گزٹ میں شائع کردیا جائے گا۔

مصر نے جمعہ کو کرونا وائرس کے 1485 نئے کیسوں کی اطلاع دی تھی اور اب ملک میں کووِڈ-19 کے کل تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 72711 ہوگئی ہے۔ ان میں 3201 مریض وفات پا چکے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں