سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے باور کرایا ہے کہ مملکت کی جانب سے شاہی دفتر کے مشیر محمد بن مزید التویجری کو ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او) کے ڈائریکٹر جنرل کے منصب کے لیے نامزد کرنا ، اس عالمی تنظیم کے امور میں سعودی عرب کی دل چسپی اور فعال کردار کا مظہر ہے۔
جمعرات کے روز اپنے بیان میں الجبیر نے مزید کہا کہ مملکت کی شدید خواہش ہے کہ تنظیم اپنے اہداف کو پورا کرے اور اس کی عکاسی تنظیم کے تمام رکن ممالک پر نظر آئے۔
سعودی وزیر کے مطابق مملکت کا نامزد امیدوار تجارت کی عالمی تنظیم کے اہداف کے لیے کام کرے گا۔
اس سے قبل سعودی عرب نے شاہی دفتر کے مشیر اور معیشت و منصوبہ بندی کے سابق وزیر محمد بن مزید التویجری کو ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل کے منصب کے لیے نامزد کیا تھا۔
التویجری کی نامزدگی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب کہ دنیا ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں دیکھ رہی ہے۔ اس نامزدگی سے ظاہر ہوتا ہے کہ مملکت کو تنظیم کے حوالے سے اپنی ذمے داریوں کا کتنا زیادہ احساس ہے۔
ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل کے منصب کے لیے نامزد سعودی عرب کے امیدوار محمد التویجری عملی تجربے سے بھرپور کیرئر ریکارڈ رکھتے ہیں۔ انہوں نے 1998 میں کنگ سعود یونیورسٹی سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں پوزیشن کے ساتھ ماسٹرز مکمل کیا۔ بعد ازاں وہ متعدد قائدانہ منصبوں پر فائز رہے۔