اسرائیل کا ایک بغیر پائیلٹ جاسوس طیارہ لبنان کے جنوبی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے اس ڈرون کے تباہ ہونے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ اس کے ملبے سے کسی حساس معلومات کے افشا ہونے کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔
فوری طور پر ایران کی حمایت یافتہ لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ نے اس ڈرون کی تباہی کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔اسی ماہ شام میں اسرائیل کے فضائی حملے میں حزب اللہ کا ایک جنگجو ہلاک ہوگیا تھا۔اس کے ردعمل میں حزب اللہ نے کہا تھا کہ وہ شام میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں میں اپنے کسی بھی جنگجو کی ہلاکت کا بدلہ لے گی۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوب میں واقع حزب اللہ کے میڈیا دفاتر کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا تھا۔
گذشتہ ہفتے اسرائیلی فوج نے لبنان کی طرف سے آنے والے ایک ڈرون کو قبضے میں لینے کی اطلاع دی تھی۔