ایران میں حکام نے پیر کے روز اعلان میں بتایا ہے کہ حکومتی ترجمان علی ربیعی کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی "فارس" نے حکومتی ترجمان کے میڈیا بیورو کے حوالے سے بتایا کہ ٹیسٹ سے یہ بات ثبت ہوئی ہے کہ علی ربیعی اس وبائی مرض کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔
میڈیا بیورو نے مزید بتایا کہ گذشتہ ہفتے کے اواخر میں حکومتی ترجمان پر کرونا وائرس کی بعض علامات ظاہر ہوئی تھیں۔ اس کے بعد ان کا ٹیسٹ کرایا گیا جس کے نتائج مثبت آئے۔ ڈاکٹروں نے علی ربیعی کی طبی نگہداشت کے واسطے ان سے ہسپتال میں رہنے کی درخواست کی۔
بیورو کے مطابق ایرانی ذمے دار کی صحت بہتر ہے۔ صحت یاب ہونے تک حکومتی ترجمان علی ربیعی صحافیوں کے سوالات کا جواب تحریری شکل میں دیں گے۔
واضح رہے کہ وزارت صحت نے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 2434 نئے کیسوں اور مزید 212 اموات کا اندراج ہوا ہے۔ ایران میں اب تک 2.55 لاکھ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
ادھر ایرانی وزیر صحت کے معاون ایرج حریرجی کا کہنا ہے کہ تہران پورے ملک میں کرونا وائرس کے پھیلآ کا ذریعہ بن گیا ہے۔
ایران انٹرنیشنل (عربی ویب سائٹ) کے مطابق حریرجی نے مزید کہا کہ ایران میں کرونا کے سبب ہسپتال میں داخل ہونے والوں میں سے 5 سے 10 فی صد افراد موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔
وزیر صحت کے معاون نے اس وبائی مرض کے سبب روزانہ 200 کے قریب افراد کے فوت ہونے کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ظاہر کی۔