مصر میں کل جمعرات کو القرآن چینل پر نماز مغرب کی اذان وقت سے پہلے دیے جانے کے نتیجے میں لاکھوں روزہ دار روز توڑ بیٹھے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق جمعرات کو یوم عرفہ کو مغرب کی اذان وقت مقررہ سے 4 منٹ قبل دے دی گئی جسے سنتے ہی لاکھوں افراد نے روزہ کھول دیا۔
اس واقعے کے بعد حکام نے ٹی وی چینل کے عہدیداروں کو تحقیقات اور انکوائری کے لیے طلب کرلیا گیا ہے۔
انکوائری کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا کہ آیا قبل از وقت اذان کسی فنی خرابی سے نشر ہوئی یا یہ کسی شخص کی دانستہ شرارت تھی۔ تحقیقات کے بعد اس واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف مزید کارروائی کی جائے گی۔
اس واقعے پر سوشل میڈیا پر عوام کی طرف سے سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔ شہریوں نے قبل از وقت اذان نشر کرنے کے واقعے کو اسلامی شعائر کا مذاق اڑانے کے مترادف قرار دیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وقت سے قبل اذان مغرب نشر ہونے کے نتیجے میں لاکھوں مسلمانوں کا یوم عرفہ کا نفلی روزہ ضائع ہوا۔
دوسری طرف القرآن چینل نے وقت سے قبل اذان نشر کرنے کے واقعے پر عوام الناس سے معذرت کی ہے۔