سعودی عرب کے وزیر داخلہ نے تبوک کے علاقے کے لیے ایک خاتون کو سیکرٹری کے عہدے پر تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔ یہ پہلا موقعہ ہے جب مملکت میں کسی گورنری میں خاتون کو اس اہم عہدے پر فائز کیا گیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق وزیر داخلہ نے کل سوموار کے روز ڈاکٹر خلود محمد الخمیس کو تبوک کے علاقے کی سیکرٹری جنرل تعینات کیا ہے۔ وہ پہلی خآتون ہیں جو اس منصب پر فائز کی گئی ہیں۔
ڈاکٹر خلود نے تبوک کے علاقے کی سیکرٹری جنرل تعینات کیے جانے کے بعد تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔ شہزادہ فہد بن سلطان نے ڈاکٹر خلود کو اس اہم منصب پر تعیناتی پر مبارک باد پیش کی اور ان کی خواتین سے متعلق مملکت میں خدمات کو سراہا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر خلود الخمیس نے کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ انہیں تبوک کے علاقے کی سیکرٹری جنرل تعینات کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہزادہ فہد بن سلطان کی طرف سے ان کی اس عہدے پر تعیناتی کوئی حیرت کی بات نہیں۔ شہزادہ فہد اور مملکت کی قیادت خواتین کو زیادہ سے زیادہ با اختیار بنانے کے عزم کا اظہار ہے۔
مستقبل کے اپنے پروگرام کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں کہا کہ وہ تبوک کے علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے ہرممکن کوشش کریں گی۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر خلود امریکا کی ہاروڈ یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ ہیں۔ انہیں سنہ 2018ءکو تبوک سائنس یونیورسٹی میں ڈین اور لیکچر کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔