امریکی معاون وزیر خارجہ ڈیوڈ ہیل نے لبنان کے دورے کے بعد کہا ہے کہ واشنگٹن لبنان کو بدعنوانی کے خلاف جنگ اور شفافیت کو یقینی بنانے تک طویل المدت امداد فراہم نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی حمایت یافتہ شیعہ ملیشیا حزب اللہ لبنان میں کرپشن کا نام ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا ملک ایسی حکومت کی خواہاں ہے جو عوام کے مطالبات پورے کرے۔ ہم لبنانیوں کو نہیں کہتے ہیں کہ وہ اپنی حکومت کا انتخاب کیسے کریں۔ ہم لبنان میں اصلاحات کی حمایت کے لیےایک بین الاقوامی طریقہ کار بنانا چاہتے ہیں۔ ہم لبنان میں مالی بدعنوانی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔
مسٹر ہیل نے مزید کہا کہ ہم لبنان میں حقیقی معاشی اصلاحات چاہتے ہیں۔ لبنان کو 18 ملین ڈالر کی امداد کی فراہمی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے وضاحت کی کہ امریکی امداد میں لبنانی فوج اور غیر سرکاری تنظیموں کی امداد شامل ہے۔
بیروت دھماکے کے بارے میں ہیل نے کہا کہ بیروت بندرگاہ دھماکے کی تحقیقات کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں۔
اور ڈیوڈ ہیل نے بیروت کے دورے کے دوران امریکی انتظامیہ کی لبنانی حکومت کی مدد کے لیے انتظامات پر بات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم لبنانی قیادت کی طرف سے خالی وعدوں کو قبول نہیں کر سکتے ہیں۔ واشنگٹن ایسی حکومت کی حمایت کرنے کے لیے تیار ہے جو حقیقی تبدیلی لائے اور لوگوں کے مطالبات پر توجہ دے۔