مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا فلسطینی نوجوان آج جمعرات کے روز چل بسا۔
رام اللہ شہر کے مغرب میں واقع گاؤں "دیر ابو مشعل" کی کونسل کے سربراہ عماد زہران کے مطابق 16 سالہ فلسطینی نوجوان محمد ضامر حمدان بدھ کی شب اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا تھا۔
زہران نے مزید بتایا کہ مذکورہ گاؤں میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں کے نتیجے میں 3 نوجوان اسرائیلی فوج کی براہ راست فائرنگ کا نشانہ بن کر زخمی ہو گئے۔ ان میں سے دو کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جب کہ تیسرا نوجوان محمد ضامر قابض فوج کے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ اسرائیلی فوج نے آج صبح جمعرات کے روز اس کے جاں بحق ہو جانے کی اطلاع دی۔
گاؤں کی کونسل کے سربراہ کے مطابق ابھی تک مقتول نوجوان کی لاش حوالے نہیں کی گئی۔
قابض اسرائیلی فوج نے جعمرات کے روز رام اللہ شہر کے شمال مغرب میں واقع گاؤں دیر ابو مشعل کے مرکزی داخلی راستے کی ناکا بندی کر دی۔
عماد زہران نے واضح کیا کہ قابض اسرائیلی فوج تقریبا دو ماہ سے اس گاؤں کے لوگوں کے خلاف اجتماعی عقوبت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ اس دوران بارہا گاؤں میں داخل ہونے کے راستے کو بند کیا گیا۔ اس کے نتیجے میں تقریبا 700 طلبہ اور ملازمین اپنے تعلیمی اداروں اور کام کی جگہاؤں تک پہنچنے سے محروم ہو گئے۔