.

کویت : کرونا کے سبب عائد کرفیو 30 اگست کو مکمل طور پر اختتام پذیر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

کویت میں حکام نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے ملک کے تمام علاقوں میں عائد کرفیو اتوار 30 اگست سے ختم کر دیا جائے گا۔

کویتی کابینہ نے جمعرات کے روز اپنی ٹویٹ میں کہا کہ نیا فیصلہ 30 اگست کو مقامی وقت کے مطابق صبح تین بجے سے نافذ العمل ہو گا۔

یہ اقدام کرونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے عائد قیود میں بتدریج نرمی کے سلسلے کی کڑی ہے۔

جولائی کے اواخر میں حکومت نے ملک میں جزوی کرفیو کے اوقات میں کمی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد کرفیو کے اوقات رات نو بجے سے صبح تین بجے تک ہو گئے تھے۔

اس سے قبل کویت کے علاقوں میں مکمل بندش لاگو تھی جس میں وقت کے ساتھ کمی لائی گئی۔

کویت میں جمعرات کے روز کرونا وائرس کے سبب 2 افراد کے فوت ہونے اور 622 نئے کیسوں کے اندراج کا اعلان کیا گیا۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی "کونا" کے مطابق اس طرح ملک میں کرونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 78767 ہو گئی ہے۔ ان میں سے 509 متاثرین موت کا شکار ہو چکے ہیں۔