.

پہلی مرتبہ : ابہا میں سائیکل ریس میں سعودی خواتین کی شرکت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے صوبے عسیر کے معروف شہر ابہا میں خواتین کی سائیکل ریس کا انعقاد ہوا۔ سعودی سائیکلنگ فیڈریشن کے زیر نگرانی ہونے والے 13 کلو میٹر مسافت کے اس مقابلے میں پوری مملکت سے 10 خواتین سائیکلسٹ نے حصہ لیا۔ یہ مقابلہ سعودی نوجوان خاتون احلام ناصر الزید نے جیت لیا۔ واضح رہے کہ اپنی نوعیت کا سائیکلنگ کا یہ پہلا مقابلہ تھا جس میں سعودی خواتین نے سرکاری طور پر شرکت کی۔

احلام نے مقررہ فاصلہ 22 منٹ اور 18 سیکنڈ میں طے کیا۔ احلام نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ "خواب پورا ہو گیا ! مملکت کی سائیکل چیمپین کا ٹائٹل جیتنا میرا دیرینہ خواب تھا ، میں سائیکلنگ کے کھیل سے وابستہ ہونے کے وقت سے ہی یہ خواب دیکھ رہی تھی ، مجھے اس جیت پر زیادہ فخر اس لیے بھی ہے کہ میں مملکت میں اس کھیل کی تاریخ میں پہلا ٹائٹل جیتنے والی ہوں"۔

احلام الزید اس سے مملکت میں سائیکلنگ کے متعدد اوپن مقابلوں میں حصہ لے چکی ہیں جہاں انہوں نے مختلف پوزیشنیں حاصل کیں۔

ابہا میں ہونے والے حالیہ مقابلے میں دوسرے نمبر پر العنود خمیس الماجد رہیں۔ انہوں نے مقررہ فاصلہ 25 منٹ اور 39 سیکنڈ میں طے کیا۔ ان کے بعد تیسرا نمبر آلاء سالم الزہرانی کا رہا جنہوں نے مقررہ فاصلہ مکمل کرنے کے لیے 26 منٹ اور 57 سیکنڈ کا وقت لیا۔

مقابلے میں عواطف القنبیط سب سے بڑی عمر کی شریک تھیں جب کہ بتول احمد نے بطور کم سن ترین شریک حصہ لیا۔