لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوب میں واقع قصبے خلدہ میں شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے حامیوں اور ایک مقامی قبیلے کے درمیان جھڑپوں میں تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
مقامی عینی شاہدین نے العربیہ کو بتایا ہے کہ خلدہ میں جمعرات کی شام متحارب فریقوں کے درمیان لڑائی ایک مذہبی بینر کو آویزاں کرنے کے معاملے پر ہوئی ہے۔ان میں پہلے توتکار ہوئی تھی اور اس کے بعد طرفین کے مسلح افراد نے ایک دوسرے پر فائرنگ کی ہے۔
ایک عینی شاہد نے لڑائی شروع ہونے کے فوری بعد بتایا کہ ’’ دو افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ہمارا طرفین میں سے کسی سے تعلق نہیں لیکن یہاں جنگل کا سا ماحول بنا ہوا ہے۔‘‘
حزب اللہ کے حامیوں نے مبیّنہ طور پر اپنے جھنڈے اور عاشورا محرم سے متعلق بینر آویزاں کرنے کی کوشش کی تھی جبکہ مقامی قبیلے کے ارکان نے اس پر اعتراض کیا تھا۔
اس عرب قبیلے نے لبنانی فوج سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امن وامان کو برقرار رکھنے کے لیے مداخلت کرے اور مقامی لوگوں کو تحفظ مہیا کرے۔اس قبیلے نے ایک بیان میں ’’ملک کی سیاسی اشرافیہ پر حزب اللہ کی پشت پناہی کا الزام عاید کیا ہے اور کہا ہے کہ حزب اللہ نے اپنے اسلحہ اور ہتھیاروں کو فرقہ وار بنا لیا ہے۔‘‘
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد لبنانی فوج خلدہ میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور اس نے کشیدہ صورت حال پر قابو پانے کے لیے ایک شاہراہ کو بلاک کردیا ہے۔فوج نے اپنے بیان لڑائی میں ملوث چار افراد کو گرفتار کرنے کی اطلاع دی ہے اور کہا ہے کہ باقی مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔