لیبیا میں قومی وفاق حکومت کے خلاف کل جمعرات کے روز بھی مظاہرے جاری رہے۔ دوسری طرف حکومت نواز ملیشیاوں کے عناصر نے نہتے اور پرامن مظاہرین پر گولیاں چلائیں اور کئی مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ جمعرات کے روز قومی وفاق حکومت کے وفادار عناصر نے دارالحکومت طرابلس میں میدان شہدا میں جمع ہونے والے مظاہرین پر دھاوا بول دیا۔ مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے۔ شہر میں مظاہرے روکنے کے لیے پولیس اور دیگر ملیشیاوں کےعناصر کی بڑی تعداد تعینات کی گئی ہے۔
قومی وفاق حکومت کے حامی مسلح عناصر نے طرابلس کی مرکزی شاہراوں کوسیل کردیا ہے۔ حکام نے میدان شہدا کو بھی کسی قسم کے اجتماع اور دھرنے کے لیے بند کر دیا ہے۔
ادھر لیبیا کی صدارتی کونسل کی وفادار فورس نے مظاہرین کے مطالبات کی حمایت کی ہے۔
قبل ازیں بدھ کی شام قومی وفاق حکومت نے کرونا وائرس کی آڑ میں دارالحکومت میں چار روز تک چوبیس گھنٹے کا کرفیو لگا دیا تھا۔
لیبیا میں طرابلس کے علاوہ الزاویہ شہر میں بھی لوگوں کی بڑی تعداد گذشتہ تین روز سے قومی وفاق حکومت کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔ مظاہرین قومی وفاق حکومت کی کرپشن کے خاتمے اور معاشی حالات بہتر بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔