مصر میں شادی کی ایک تقریب اس وقت اچانک ماتم میں بدل گئی جب رخصتی سے چند گھنٹے قبل دلہن حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئی۔ یہ افسوسناک واقعہ مصر کی القلیوبیہ گورنری کے نوحی علاقے اکیاد دجھوی میں بدج کی شام پیش آیا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق 21 سالہ اسرا محمد کی منگل کے روز مہندی کی رسم ادا کی گئی جہاں اس کے اقارب کی بڑی تعداد اس خوشی میں شریک تھی۔ اگلے روز بدھ کو اس کی رخصتی تھی مگر اچانک حرکت قلب بند ہونے سے اس کی موت واقع ہو گئی۔
دوسری جانب دلہا احمد محمد غالی نے بتایا کہ ہم شادی کی تقریب میں مصروف تھے کہ اسرا کی دادی کا پیغام ملا کہ اسرا بے ہوش ہو کر گرپڑی ہیں۔ اسے اٹھا کر اسپتال پہنچایا گیا مگر وہ دم توڑ چکی تھی۔
اسرا اور احمد غالی کا نکاح رواں سال مارچ میں ہوچکا تھا اور والدین کی طرف سے اسرا کے جھیز کا سامان اس کے گھر پہنچا دیا گیا تھا۔ اب اس کی رخصتی کی تقریب جاری تھی کہ اچانک وہ اس دار فانی سے ہمیشہ کے لیے رخصت ہو گئی۔
واقعے پر دونوں خاندانوں میں خوشی ماتم میں بدل گئی۔ سوشل میڈیا پر خبر کے وائرل ہونے کے بعد شہریوں نے اس پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اسے 'جنگ کی دلہن' کا لقب دیا گیا ہے۔