.

قاہرہ میں سعودی شہری کا قتل، مملکت کے سفارت خانے کی جانب سے تفصیلات کا انکشاف

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

قاہرہ میں سعودی سفارت خانے کی جانب سے اُس حادثے کی تفصیلات کا انکشاف کیا گیا ہے جس میں ایک سعودی شہری کو مصری دارالحکومت میں اس کے فلیٹ میں قتل کر دیا گیا تھا۔

پیر کے روز جاری بیان میں سفارت خانے نے بتایا کہ اسے مصری سیکورٹی اداروں کی جانب سے اطلاع فراہم کی گئی کہ قاہرہ کے علاقے السیدہ زینب میں سعودی شہری کی لاش اس کے فلیٹ سے ملی ہے۔ سعودی سفارت خانے نے فوری طور پر متعلقہ سیکورٹی اداروں کے ساتھ رابطہ کاری انجام دی جنہوں نے اس مجرمانہ واردات کے سلسلے میں 4 ملزمان کو پکڑ لیا۔

ابتدائی تحقیقات سے واضح ہوا ہے کہ واقعے کی بنیاد چوری کی واردات تھی۔

سعودی سفارت خانے نے مزید بتایا کہ اس نے مقتول کے اہل خانہ سے رابطہ کیا۔ بعد ازاں تمام اقدامات مکمل کر کے میت کو 29 جولائی کو سعودی عرب منتقل کر دیا گیا۔ سفارت خانے نے مقتول کے اہل خانہ اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

سعودی سفارت خانے نے مصر میں سیکورٹی اداروں کی کوششوں کو سراہا جنہوں نے فوری طور پر حرکت میں آ کر ملزمان کو ریکارڈ وقت میں حراست میں لیا۔

ساتھ ہی اس امر کی تصدیق کی گئی کہ سفارت خانہ اس سلسلے میں جاری تحقیقات کی جان کاری کے لیے متعلقہ سکیورٹی اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔