.

سعودی ولی عہد کی تونسی وزیراعظم کو قومی حکومت کی تشکیل پر مبارک باد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے تونس کے نو منتخب وزیراعظم ھشام المشیشی کو نئی حکومت تشکیل دینے اور وزارت عظمیٰ‌ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ولی عہد اور سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے ایک برقی تہنیتی پیغام میں تونس کے نو منتخب وزیراعظم ھشام المشیشی کو لکھا ہے کہ سعودی حکومت انہیں حکومت کی تشکیل اور وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کرتی ہے۔

ولی عہد کا کہنا ہے کہ تونسی پارلیمنٹ کی طرف سے انہیں اعتماد کا ووٹ دینا خوشی کا باعث ہے۔ سعودی عرب ہمیشہ تونس کی خود مختاری،ترقی اور خوش حالی کا خواہاں ہے اور نئی تونسی حکومت کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کا متمنی ہے۔

خیال رہے کہ ھشام المشیشی نے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے اور کابینہ کی توثیق کے بعد کل بدھ کے روز اپنی کابینہ کے ہمراہ صدر قیس سعید کے سامنے حلف اٹھایا۔

تونسی پارلیمان نے بدھ کی صبح کو ہونے والے اجلاس میں ھشام المشیشی کی حکومت کے لیے رائے شماری کی گئی۔ اس موقع پر 217 کے ایوان میں 134 ارکان نے المشیشی اور ان کی کابینہ کی حمایت کی جب کہ 67 ارکان نے اس کی مخالفت کی۔

محمد ھشام المشیشی نے ایک ماہ تک جاری رہنے والی مشاورت اور سیاسی جوڑ توڑ کے بعد 24 اگست کو اپنی 25 رکنی کابینہ کا اعلان کیا تھا۔