.

عراق : داعش کے حملے میں بارڈر گارڈز کے اہل کاروں کی ہلاکت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عراق میں العربیہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ مغربی صوبے الانبار میں داعش تنظیم نے گھات لگا کر ایک سرحدی چیک پوائنٹ کو نشانہ بنایا۔ اس کے نتیجے میں عراقی بارڈر گارڈز کے متعدد اہل کار ہلاک اور ایک افسر زخمی ہو گیا۔

اس سے قبل منگل کے روز تکریت اور کرکوک کے درمیان راستے پر ایک کار بم دھماکے میں ایک عراقی خاتون جاں بحق اور تین سیکورٹی اہل کار زخمی ہو گئے تھے۔

رواں سال کے آغاز کے بعد سے عراق میں بالخصوص کرکوک، صلاح الدین اور دیالیٰ کے درمیان علاقے میں مسلح عناصر کے حملوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ان عناصر کے بارے میں شبہ ہے کہ ان کا تعلق داعش تنظیم سے ہے۔

واضح رہے کہ عراق نے 2017ء میں اپنی تمام اراضی واپس لے کر داعش تنظیم کے خلاف فتح کا اعلان کیا تھا۔ داعش نے 2014ء میں عراق کے تقریبا ایک تہائی رقبے پر قبضہ کر لیا تھا۔

تاہم اس دہشت گرد تنظیم کے غیر فعال گروہ عراق کے وسیع علاقوں میں اب تک برقرار ہیں۔ یہ گروہ وقتا فوقتا حملوں کی کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔