بیروت میں ایک شارع کا نام ایران کے مقتول جنرل قاسم سلیمانی سے منسوب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوب میں حزب اللہ کے گڑھ علاقے میں ایک شارع کا نام ایران کے مقتول میجر جنرل قاسم سلیمانی سے منسوب کردیا گیا ہے۔

اس شارع پر نصب نام کے بورڈ کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہیں۔اس پر یہ لکھا ہے:’’ شارع شہید الحاج قاسم سلیمانی‘‘۔ یہ شارع بیروت کے جنوب میں واقع بلدیہ الغبیری میں ہے۔ اس سے قبل اس کا نام ’’خیالی دنیا‘‘ تھا۔

Advertisement

بیروت کا یہ جنوبی علاقہ ’’دحیہ‘‘ کہلاتا ہے اور یہ شیعہ ملیشیا حزب اللہ کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے۔

لبنانی قانون کے تحت کسی بھی شاہراہ یا شارع کے نام کی تبدیلی کی وزارتِ داخلہ منظوری دیتی ہے۔فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوا کہ آیا وزارتِ داخلہ نے اس شارع کے نام کی تبدیلی کی منظوری دی ہے یا بلدیہ نے از خود ہی اس کانام تبدیل کردیا ہے۔

سوشل میڈیا پر بعض عرب اور لبنانی صارفین نے نام کی اس تبدیلی کے اقدام پر کڑی نکتہ چینی کی ہے اور اس کو لبنان میں ایران کے اثرورسوخ کی ایک اور علامت قرار دیا ہے۔

لبنان میں مقیم ایک صحافی نے عربی میں یہ عبارت ٹویٹ کی ہے:’’ بلدیہ الغبیری سے اگر ہوسکا تو وہ دارالحکومت بیروت کا نام ’’الحاج قاسم سلیمانی شہر‘‘ کردے گی۔‘‘

ایران اور حزب اللہ کے ناقد لبنانی شیعہ عالم محمد علی الحسین نے عربی میں ایک ٹویٹ میں اس شارع کے نام کی تبدیلی کو ’’اشتعال انگیز‘‘ قراردیا ہے اور اس کو لبنانیوں اور عربوں کے محسوسات کے لیے ایک کھلا چیلنج قراردیا ہے جو ان کے بہ قول ’’قاسم سلیمانی کو ایک دہشت گرد کے طور پر جانتے ہیں اورانھوں نے بہت سے عرب ملکوں میں اپنی تخریبی مہر کو اپنی یادگار چھوڑا ہے۔‘‘

میجر جنرل قاسم سلیمانی ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کی بیرون ملک کارروائیوں کی ذمے دار القدس فورس کے سربراہ تھے۔ وہ تین جنوری کو عراق کے دارالحکومت بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر امریکا کے ایک فضائی حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں