بحرین کے وزیرخارجہ عبداللطیف الزیانی اور ان کے اسرائیلی ہم منصب گابی اشکنازی نے دونوں ملکوں کے درمیان امن معاہدے کے اعلان کے ایک روز بعد ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔
بحرینی وزارتِ خارجہ کے ایک بیان کے مطابق دونوں وزراء خارجہ نے خطے میں امن واستحکام کے فروغ کے لیے دوطرفہ تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کو اسرائیل اور بحرین کے درمیان معمول کے تعلقات استوار کرنے کے لیے امن معاہدے کا اعلان کیا تھا۔گذشتہ ماہ متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کیے تھے۔ان دونوں ملکوں کے درمیان 13 اگست کو طے شدہ امن معاہدے پر 15 ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں دست خط متوقع ہیں۔
صدر ٹرمپ نے گذشتہ روز بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے ٹیلی فون پر بات چیت کی تھی اوراس کے بعد ایک ٹویٹ میں اس نئے امن معاہدے کی اطلاع دی تھی۔گذشتہ ایک ماہ میں ان کی ثالثی میں اسرائیل کا کسی عرب ملک سے یہ دوسرا امن معاہدہ ہے۔
امریکا ، بحرین اور اسرائیل نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ’’مشرقِ اوسط میں قیام امن کے لیے یہ ایک تاریخی پیش رفت ہے۔ان دونوں متحرک معاشروں اور جدید معیشتوں کے درمیان براہ راست مکالمے اور تعلقات کا آغاز ہورہا ہے۔اس سے مشرقِ اوسط میں ایک مثبت تبدیلی رونما ہوگی اور خطے میں استحکام،سلامتی اور خوش حالی میں اضافہ ہوگا۔‘‘