ایران میں سپاہ پاسداران انقلاب نے عوامی احتجاجی مظاہروں کے خطرے اور ان کی روک تھام کے پیش نظر نئی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دینا شروع کر دی ہیں۔
'محمد رسول اللہ 'بریگیڈ کے سربراہ محمد یزدی نے کہا کہ تہران کے مختلف علاقوں میں ممکنہ مظاہروں کی روک تھام کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں تیار کرنا شروع کی ہیں۔ دوسری طرف ایران میں سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ چھاپہ مار ٹیموں کی تشکیل کا مقصد حکومتی مظالم، تشدد اور پھانسیوں کے خلاف عوامی احتجاج کی نئی لہر کو روکنا ہے۔
مسٹر یزدی کا کہنا تھا کہ پاسداران انقلاب پاسج فورسز کے ساتھ مل کر دارالحکومت تہران میں سیکیورٹی کا پلان تیار کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تہران میں تخریب کاروں، بد معاشوں اور چوری ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کرنیا پلان تیار کر رہے ہیں۔
پاسداران انقلاب اور دوسرے سیکیورٹی ادارے پولیس کے ساتھ مل کر دارالحکومت میں گشت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور پاسداران انقلاب کے باہمی اشتراک سے دارالحکومت تہران میں یہ پہلا سیکیورٹی مشن نہیں بلکہ سنہ 2017ء میں بھی ایسے ہی پلان پرعمل درآمد کیا جا چکا ہے۔ سنہ 2017ء میں تہران میں ایک ہزار مقامات پر پانچ پانچ افراد پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔