عراق کے دارالحکومت بغداد میں انتہائی سیکیورٹی والے گرین زون میں جامع مسجد امو الطبول کے سامنے کل منگل کے روز ایک زور دار دھماکا ہوا۔ یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب وہاں سے برطانوی سفارت خانے کی گاڑیاں گذر رہی تھیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق برطانوی سفارخانے کی طرف سے جاری ایک بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ ابتدائی نوعیت کے دھماکے میں سفارت خانے کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے تاہم اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
کسی گروپ نے تا حال اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
خیال رہے کہ گرین زون بغداد میں انتہائی حساس علاقہ سمجھا جاتا ہے جس میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ گرین زون میں امریکا اور دوسرے ممالک کے سفارت خانے اور کئی سرکاری دفاتر واقع ہیں۔