دو ریاستی حل میں امارات اور بحرین کا بڑا کردار ہو گا : جیرڈ کشنر کی العربیہ سے بات چیت
امریکی صدر کے مشیر جیرڈ کشنر کا کہنا ہے کہ دو ریاستی حل کو یقینی بنانے کے سلسلے میں امارات اور بحرین کا اہم کردار ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے ایک اقتصادی منصوبہ موجود ہے۔
العربیہ نیوز چینل کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کشنر نے باور کرایا کہ جب تک صدر ٹرمپ اقتدار میں ہیں ایران جوہری ہتھیار ہر گز حاصل نہیں کر سکے گا۔ صدر ٹرمپ ایران کو خطے میں مسلح گروپوں کی فنڈنگ سے روکنے پر کام کریں گے۔
اس سے قبل منگل کی شام وائٹ ہاؤس میں اسرائیل کے امارات اور بحرین کے ساتھ الگ الگ امن معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے مشرق وسطی میں امن کے لیے ایک تاریخی دن قرار دیا جب امارات اور بحرین نے اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کر لیے۔
ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ "کوئی بھی اس ممکن نہیں سمجھتا تھا"۔ انہوں نے مزید کہا کہ امارات اور بحرین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دیگر 5 یا 6 ممالک اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے لیے امن معاہدوں پر دستخط کے خواہاں ہیں۔
امریکی صدر کے مطابق مناسب وقت پر فلسطینی بھی امن عمل میں شامل ہو جائیں گے۔