رجب طیب ایردوآن نے ملک نوجوانوں کے لیے جیل بنا دیا ہے: اکشنر
ترکی کی 'آئرن لیڈی' صدر طیب ایردوآن پر برس پڑیں
ترکی کی دائیں بازو کی سخت گیر جماعت "الخیر" کی سربراہ میرال اکشنر نے صدر رجب طیب ایردوآن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ صدر نے ملک کو نوجوانوں کے لیے جیل بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بے روزگاری کی بلند شرح اور موجودہ معاشی صورتحال پر تنقید کے ذمہ دار صدر ہیں۔ انہیں عوام کا کوئی احساس نہیں ہے۔ عوام کے لیے زندگی مشکل بنا دی گئی ہے۔
ترکی کی آئرن لیڈی کے نام سے مشہور خاتون رہ نما نے کہا کہ جمہوریہ ترکی کے بانی مصطفی کمال اتاترک نے ترک نوجوانوں کو امید اور خود اعتمادی عطا کی جب کہ موجودہ صدر طیب ایردوآن نے نوجوانوں کو مایوسی اور افسردگی میں مبتلا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جناب صدر آپ نے پورا ملک نوجوانوں کے لیے جیل بنا دیا ہے۔ انہوں نے ایک سروے کا حوالہ دیا جس میں نوجوانوں سے پوچھا گیا تھا کہ وہ ترکی سے باہر رہنا چاہتے ہیں یا نہیں۔ سروے میں 62 فیصد نے کہا کہ وہ موجودہ حالات میں ملک کے اندر رہنے کو رجیح نہیں دیتے۔ نوجوان تنگ ہیں۔ روزگار کا کوئی بندوبست نہیں اور وہ ملک چھوڑ کر جانے پرمجبور ہیں۔