سعودی وزارت اطلاعات کی جانب سے تیار کی گئی دستاویز فلم کا موضوع کیا ہے ؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب میں ایک نئی دستاویزی فلم ریلیز کی گئی ہے۔ یہ فلم وزارت اطلاعات کے زیر انتظام گورنمنٹ کمیونی کیشن سینٹر (GCC) کی پیش کش ہے۔ فلم میں مملکت میں کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے حوالے سے فرنٹ لائن کارکنان کے کردار کو اجاگر کیا گیا ہے۔ عربی میں اس فلم کا نام "مرحلة صعبة" (Difficult Stage) ہے۔ فلم کا اسپیشل شو اتوار کی شب ریاض کے AMC سینیما میں پیش کیا گیا۔

فلم میں انسانوں کے گرد گھومتی ان کہانیوں پر روشنی ڈالی گئی ہے جن میں صحت کے شعبے اور زمینی طور پر کام کرنے والے اہل کاروں اور کارکنان نے انسانی بنیادوں پر کارنامے انجام دیے۔ ان افراد نے کرونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کرنے کے دوران مختلف مرحلوں پر مکمل اخلاص کے ساتھ اپنی پیشہ وارانہ ذمے داریاں انجام دیں۔

Advertisement

سعودی وزارت اطلاعات میں کمیونی کیشن کے انڈر سکریٹری ڈاکٹر عبداللہ المغلوث کے مطابق قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی کی ہدایت پر اس فلم کی تیاری 75 روز میں مکمل کر لی گئی۔

ڈاکٹر المغلوث نے واضح کیا کہ اس فلم کی تیاری میں 70 سے زیادہ سعودی نوجوان مرد اور خواتین نے شرکت کی۔ فلم کی عکس بندی پانچ مختلف علاقوں میں ہوئی تا کہ کرفیو کے اوقات میں حالات و واقعات کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کے سلسلے میں تمام سرکاری اداروں نے مکمل سپورٹ پیش کی۔

انڈر سکریٹری نے مزید بتایا کہ فلم کی پروڈکشن میں وزارت اطلاعات کے زیر قیادت 4 کمپنیوں نے حصہ لیا جن کو سعودی ماہرین چلا رہے ہیں۔ ان کے علاوہ دیگر مقامی کمپنیوں کی معاونت بھی حاصل رہی۔ اسی طرح سعودی ٹیلی کمیونی کیشن کمپنیSTC نے بھی فلم کے لیے مطلوب ضروری معاونت فراہم کی۔

ڈاکٹر الملغوث کے مطابق "مرحلة صعبة" دستاویزی فلم وزارت اطلاعات کی جانب سے پیش کی جانے والی کوالٹی پروڈکشن کا آغاز ہے۔ یہ پروڈکشن سعودی عرب میں تخلیقی کمپنیوں کے لیے نیا میدان ہموار کرے گی۔

یہ فلم آئندہ چند روز میں سعودی سرکاری ٹی وی چینل کے ذریعے عوام کے لیے پیش کی جائے گی۔ علاوہ ازیں فلم کو یوٹیوب پر سرکاری اکاؤنٹ کے ذریعے بھی ناظرین کے لیے پوسٹ کیا جائے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں