.

کرونا وائرس : دنیا بھر میں 10 لاکھ سے زیادہ ہلاکتوں میں 28953 عرب دنیا میں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

گذشتہ برس دسمبر کے اواخر میں چین میں کرونا وائرس کے نمودار ہونے کے بعد سے اب تک دنیا بھر میں 10 لاکھ سے زیادہ افراد اس وبا کے سبب موت کا شکار ہو چکے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 20 ممالک سے تعلق رکھنے والے 28953 عرب باشندے بھی شامل ہیں۔ عرب ممالک میں کرونا کے 15 لاکھ سے زیادہ مصدقہ کیس سامنے آ چکے ہیں جب کہ دنیا بھر میں اب تک اس وبائی مرض سے متاثرہ افراد کی تعداد 3.3 کروڑ کے قریب جا پہنچی ہے۔ ان میں 2.4 کروڑ سے زیادہ متاثرین صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پیر کی صبح تک کے اعداد و شمار کے مطابق یہ مہلک وائرس گذشتہ نو ماہ کے دوران دنیا کے 215 ممالک اور ریجنز میں سامنے آ چکا ہے۔ کرونا سے موت کا شکار ہونے والوں میں آدھی تعداد (558972 افراد) تین بر اعظموں کے 5 ممالک میں ہے۔ ان ممالک میں تقریبا 1.9 کروڑ افراد متاثر ہوئے۔ یہ اعداد و شمار اعداد و شمار سے متعلق امریکی ویب سائٹworldometer سے لیے گئے ہیں۔

ادھر امریکا میں جونز ہوپکنز یونیورسٹی کے زیر انتظام ویب سائٹJohns Hopkins Covid کے مطابق عرب ممالک میں کرونا کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 28953 ہے۔ ان ممالک میں متاثرین کی تعداد 15 لاکھ کی حد عبور کر چکی ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق دنیا بھر میں اس وبائی مرض کے 3.2969 کروڑ مصدقہ کیس کا اندراج ہو چکا ہے۔

آبادی کے لحاظ سے اموات کا سب سے زیادہ تناسب بیلجیم میں سامنے آیا۔ اس کی کُل آبادی 11601890 ہے جس میں 9974 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ یہاں کرونا کے سبب مرنے والوں کا تناسب ہر دس لاکھ میں 850 افراد ہے۔ آبادی کے لحاظ سے دنیا بھر میں متاثرین کا سب سے زیادہ تناسب قطر میں ہے۔ قطر کی کُل آبادی 2807805 ہے جس میں کرونا کے مجموعی کیسوں کی تعداد 125984 تک پہنچ چکی ہے۔ اس طرح یہاں کرونا سے متاثرہ افراد کا تناسب ہر دس لاکھ میں 44550 افراد بنتا ہے۔