سعودی قیادت کا امیرکویت کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب کی قیادت اور شاہی دربار کی طرف سے الگ الگ بیانات میں کویت کے امیر الشیخ صباح الاحمد الصباح کی وفات پر کویتی حکومت اور عوام سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے عرب دنیا کے عظیم رہ نما کی وفات پر تعزیت کی ہے۔

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کویت کے نئے امیر شیخ نواف الاحمد الصباح سے فون پر گفتگو کی ہے اور ان سے مرحوم امیر شیخ صباح الاحمد الصباح کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

Advertisement

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق خادم الحرمین الشریفین نے شیخ نواف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم اپنے ایک پیارے بھائی اور لیڈر سے محروم ہو گئے ہیں ،انھوں نے اپنی تمام زندگی مادر وطن ،عرب اور اسلامی اقوام کی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ انھیں دنیا کے رہ نماؤں اور عوام میں ایک منفرد مقام حاصل تھا اور ان کی تحسین کی گئی ہے۔‘‘انھوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں مزید کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم شیخ صباح سے رحم کا معاملہ کریں۔

امیر کویت شیخ صباح الاحمد الصباح منگل کے روز 91 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ان کی وفات پر عرب اور اسلامی دنیا کے لیڈر تعزیت کا اظہار کررہے ہیں۔انھیں خلیج عرب کا ایک جہان دیدہ سفارت کار اور انسانیت کا چمپیئن قرار دیا جاتا تھا۔

ادھر سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایک تعزیتی بیان میں امیر کویت کی وفات پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مرحوم کی عرب دنیا اور کویتی قوم کی ترقی وخوشحالی کے لیے گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ان کے انتقال کے بعد ان کے ولی عہد اور سوتیلے بھائی شیخ نواف الاحمد کو نیا امیر مقرر کیا گیا ہے۔ کویت کی قومی اسمبلی کے اسپیکر مرزوق الغانم کے مطابق نئے امیر آج بدھ کی صبح گیارہ بجے اپنے عہدے کا حلف اٹھا رہے ہیں۔

سعودی عرب کے شاہی دیوان کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں‌ بھی امیرکویت کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہےکہ امیر کویت الشیخ صباح الاحمد الصباح کی ناگہانی موت کی خبر ملی ہے۔ اس پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سمیت پوری قیادت اور قوم کو صدمہ پہنچا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں