امریکا نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان بحری سرحدی تنازع کو طے کرنے کے لیے بات چیت کے آغاز سے متعلق سمجھوتے کا خیرمقدم کیا ہے۔دونوں ملکوں نے امریکا کی ثالثی میں دیرینہ سرحدی تنازع کو طے کرنے کے لیے مذاکرات کے فریم ورک سے اتفاق کیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اس سمجھوتے کے اعلان کے بعد جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’دونوں ممالک بات چیت کے ذریعے لبنانی اور اسرائیلی شہریوں کے لیے مزید استحکام ، سلامتی اور خوش حالی لاسکتے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ اسرائیل اور لبنان گذشتہ کئی عشروں سے حالتِ جنگ میں ہیں۔ان دونوں ملکوں کے درمیان بحر متوسط کے مشرقی حصے میں قدرتی گیس کے ذخائر کی دریافت اور اس کو نکالنے کے معاملے پر اختلافات پائے جاتے ہیں۔