سعودی وزیر ثقافت نے بھول بھلیوں کے کس منصوبے کی ستائش کی ؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب کے وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان آل سعود نے ایک منفرد فنی عمل کی تصاویر پوسٹ کی ہیں۔ یہ شاہ کار سعودی آرٹسٹ حمود العطاوی نے ڈیزائن کیا ہے۔ اس منصوبے میں ایک بڑی تعداد میں کنکریٹ کاسٹنگ کا استعمال کیا گیا ہے۔ یہ کنکریٹ کاسٹنگ اس سے قبل سعودی عرب میں دہشت گرد حملوں کو روکنے کے لیے استعمال کی جاتی رہی ہیں۔ العطاوی نے اپنے اس منصوبے میں 900 مربع میٹر کے رقبے پر کنکریٹ کاسٹنگ کو اس ترتیب سے رکھا ہے جس سے ملحقہ کمروں کی صورت بن گئی ہے جو تمام ایک دوسرے کے مقابل نظر آ رہے ہیں۔ اس طرح ایک پیچیدہ بھول بھلیاں بن گئی ہے جس سے نکلنا دشوار امر ہے۔

Advertisement

یہ بھول بھلیاں دارالحکومت ریاض میں ایک مشہور کھلے مقام پر بنائی گئی ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل پر سعودی وزیر ثقافت نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ "بھٹکا دینے والی بھول بھلیاں ایک ایسا فنی شاہ کار ہے جو ریاض میں بھٹکنے والی دہشت گردی کی کہانی بیان کرتا ہے۔ اس سے نمٹنے کے لیے ہماری قیادت کی دانش مندی اور سیکورٹی اہل کاروں کی دلیری نے اہم کردار ادا کیا۔ اس منصوبے کے لیے میں ریاض صوبے کے سکریٹریٹ اور فن کار حمود العطاوی کا تہہ دل سے مشکور و ممنون ہوں"۔

ریاض کے میئر شہزادہ فیصل بن عبدالعزیز بن عيّاف نے بھی اس فنی عمل کی تصویر پوسٹ کی ہے۔ منصوبے کو "متاهة الضلال" (گمراہی کی بھول بھلیاں) کا نام دیا گیا ہے۔ شہزادہ فیصل نے اس منصوبے کو بہترین پیغام کا حامل امتیازی علامتی عمل قرار دیا۔

اس سلسلے میں العربیہ ڈاٹ نیٹ نے سعودی فن کار حمود العطاوی سے گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ "فن سے متعلق میرا عمل اور دل چسپی مختلف نوعیت کی رہی۔ اس کی ابتدا خاکہ سازی اور آرٹ فوٹوگرافی سے ہوئی۔ بعد ازاں یہ تجربہ جدید حلقوں تک پھیل گیا اور اس نے ماحولیات سے متعلق کاموں اور مجمسہ سازی کا رخ کر لیا"۔

العطاوی نے مزید کہا کہ "میں اپنے فن کے ذریعے ماحولیات کا پتہ چلانے اور شہر میں مختلف زمانوں میں گزرے تاریخی واقعات کو محفوظ کرنے کے لیے کوشاں ہوں۔ ساتھ ہی سعودی عرب میں ہماری ثقافت اور تاریخ کے مختلف زاویوں کو اجاگر کرنا چاہتا ہوں جن کے ہماری موجودہ ثقافت پر گہرے اثرات ہیں"۔

العطاوی نے کے مطابق ان کے حالیہ منصوبے (بھول بھلیاں) میں کنکریٹ اور سیمنٹ کی 800 کاسٹنگ کا استعمال کیا گیا ہے۔ بھول بھلیاں درحقیقت ان کھیلوں کی ایک قسم ہے جو دماغ کو سرگرم کرتے ہیں۔ یہ کھیل ہماری زندگی کی مثال پیش کرتا ہے اور اس میں اختتام تک پہنچنے کے لیے صحیح راستہ تلاش کرنا ہوتا ہے۔ اس طرح کے کھیل کے لیے آپ کا پُر عزم ہونا ضروری ہے، ساتھ ہی بھول بھلیوں سے نکلنے کی شدید خواہش بھی ہو۔ اس طرح کے کھیلوں سے لوگوں میں یہ جذبہ اور فکر پیدا ہوتی ہے کہ وہ زندگی کے اختتام تک پہنچنے کے دوران سامنے آنے والی رکاوٹوں اور چیلنجوں سے کس طرح نبرد آزما ہوں۔

العطاوی نے بتایا کہ اس بھول بھلیوں میں استعمال کی جانے والی کنکریٹ کاسٹنگ پرانی اور خراب حالت میں تھیں۔ وزارت ثقافت کو اس فنی کام کی تجویز پیش کی گئی۔ اس منصوبے کو مکمل کرنے میں دو ہفتوں کا وقت لگا۔

مقبول خبریں اہم خبریں