سعودی عرب ماحولیاتی تحفظ اور حیواناتی تنوع کوغیرمعمولی اہمیت دیتا ہے: فیصل بن فرحان
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ ان کا ملک ماحولیاتی تحفظ اور حیوانات کے تنوع کو غیرمعمولی اہمیت دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماحولیات اور اس کے تحفظ کا موضوع مملکت کے بنیادی نظام کا حصہ ہے اور مملکت کے قانون کے آرٹیکل 32 کے تحت ماحولیاتی تحفظ، آلودگی سے بچاو اور ماحولیاتی ترقی پر زور دیا گیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے ان خیالات کا اظہار حیاتیاتی تنوع کے حوالے سے اقوام متحدہ کے زیراہتمام منعقدہ ایک ورچوئل کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس اور جنرل اسمبلی کے موجودہ سیشن کے صدر وولکان بوزکیر نے بھی شرکت کی۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ہم ایک ایسی سرزمین پر رہ رہے ہیں جہاں پر قدرتی حیات کے لامحدود وسائل موجود ہیں۔ ہمیں ان وسائل کا تحفظ اور انہیں انسانی نفع کے لیے استعمال میں لایا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے بہت اقدامات اٹھائے ہیں۔
ماحولیات کے تحفظ اور قدرتی حیات کی بقا کے لیے ضابطہ اخلاق اور قانون سازی اور قومی حکمت عملی تیار کر کے ماحولیاتی تحفظ اور اس کے وسائل کے تحفظ کے کافی پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے ایک جامع ماحولیاتی نظام اپنانے ، ماحولیات کے لیے قومی حکمت عملی ، حیاتیاتی تنوع کے لیے قومی حکمت عملی ، اور قدرتی چراگاہوں کے لیے قومی حکمت عملی، خوراک اور زراعت کے لیے پودوں کے جینیاتی وسائل سے نمٹنے اور دیگر اہم امور پر روشنی ڈالی۔