سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عمرہ مناسک کی بہ تدریج بحالی کے اعلان کے بعد بیرون ملک سے احرام کے لیے مقرر کردہ مواقیت پر معتمرین کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ مواقیت پر کرونا روک تھام کے حوالے سے وزارت صحت کے وضع کردہ پروٹوکول پر سختی کے ساتھ عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مواقیت پر انتظامیہ کی طرف سے عمرہ زائرین کے لیے عمرہ کی ادائی کے دوران خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ مواقیت پر عمرہ کے دوران کوویڈ 19 کے حوالے سے جگہ جگہ پر رہ نمائی کے لیے بورڈ نصب کیے گئے ہیں۔ عمرہ زائرین کو ایک دوسرے سے دو فٹ کے فاصلے پر رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔ مساجد کے اندر، داخلی راستوں،چھتوں اور ٹوائلٹس کی چوبیس گھنٹوں کی بنیاد پر صفائی اور ان میں سینی ٹیشن کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ عمرہ زائرین کو مناسک کی ادائی میں رہ نمائی کے حصول کے لیے'اعتمرنا' ایپ حاصل کرنے کی تاکید جا رہی ہے۔
سعودی عرب کی پریس ایجنسی 'ایس پی اے' کے مطابق مواقیت پر موجود تمام مساجد میں 20 ہزار مربع میٹر کی قالینوں کو باقاعدگی کے ساتھ جراثیم کش اسپرے سے صاف کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے حکومت نے متعدد نجی تنظیموں اور حفظان صحت کے لیے کام کرنے والی کمپنیوں کی خدمات بھی حاصل کی ہیں۔
وزارت مذہبی امور نے مدینہ منورہ اور مکہ معظمہ سمیت دیگر تمام مواقیت پر مبصرین، تکنیکی ماہرین اور دیگر امور کی ذمہ داریاں انجام دینے والے عملے سمیت 769 افراد کو تعینات کیا گیا ہے۔ ان میں رضا کار تنظیموں کے کارکن بھی شامل ہیں جو مواقیت پرآنے والے عازمین عمرہ کو عمرہ مناسک کے حوالے سے ضروری رہ نمائی فراہم کر رہے ہیں۔
عمرہ زائرین کی مدد اور رہ نمائی کے لیے ٹی وی چینلوں اور ڈیجیٹیل پلیٹ فارمز سے بھی استفادہ کیا جا رہا ہے۔
قبل ازیں الحرمین الشریفین جنرل پریزیڈینسی نے مسجد حرام اور مسجد نبویﷺ میں عمرہ کے حوالے سے تمام انتظامات کی تکمیل کا اعلان کیا تھا۔