پرانی اور ناکارہ گاڑیوں کو قیمتی فن پاروں میں تبدیل کرنے والی سعودی دوشیزہ سے ملیے
سعودی عرب کی ایک نوجوان آرٹسٹ نے پرانی اور ناکارہ گاڑیوں کو خوبصورت فن پاروں میں تبدیل کرکے فن کی ایک نئی جہت کو اجاگر کیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی آرٹسٹ شالیمار شربتلی نے جدہ میں ناکارہ کاروں پر پینٹنگ کرکے انہیں خوبصورت فن پاروں کی شکل دینے کی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس طرح اس نے ملک میں جگہ جگہ پر پڑی بے کار گاڑیوں بالخصوص کاروں کو رنگ روغن کرکے انہیں فن پاروں میں تبدیل کرکے عوام الناس کو حیران کردیا۔ جدہ میں پارکوں اور سڑکوں پر جا بجا ایسی گاڑیاں دیکھی جاسکتی ہیں جو ناکارہ ہیں مگر انہیں شربتلی نے آرٹ کے عمدہ نمونوں میں تبدیل کردیا ہے۔ ناکارہ گاڑیاں جنہیں کوئی ایک نظر دیکھنا پسند نہیں کرتا تھا عوام کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
العربیہ ڈاٹنیٹ سے بات کرتے ہوئے شالیمار شربتلی نے بتایا کہ اس نے porsche911 کار کے بیرونی حصوں مختلف رنگوں سے آرٹ کی شکل دی جسے فرانس کے لوفر میوزیم میں ہونے والی ایک نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔ اسے بہت زیادہ پسند کیا گیا۔ اس کے بعد اس نے انہی رنگوں کو جدہ میں مختلف مقامات پر پڑی پرانی اور بےکار گاڑیوں کو آرٹ کے نمونوں میں تبدیل کرنا شروع کیا۔
ایک سوال کے جواب میں شالیمار شربتلی نے بتایا کہ جدہ میں اس نےاپنے آرٹ کے کام کے لیے جدہ سیکرٹریٹ سے اجازت حاصل کی جس کے بعد ایسی کئی کاروں کو فن پاروں میں تبدیل کیا گیا۔ اس نے بتایا کہ کاروںکو فن پاروں میں تبدیل کرنے کا فن اس نے 2013ء میں شروع کیا۔ اس فن کو ایک مشن میں تبدیل کرنے کے لیے اس نے 'رسم الوطن' کے نام سے ایک پروگرام تیار کیا۔ اس کے فن کو نہ صرف سعودی عرب بلکہ دنیا بھرمیں سراہا گیا ہے۔
ایک دوسرے سوال کے جواب میں شالیمار شربتلی نے بتایا کہ وہ اس فن کو مزید پھیلانے کے لیے نوجوانوں کو اس کی تربیت دینے کے بارے میں غور کررہی ہیں تاکہ اسے زیادہ سے زیادہ لوگوں میں مقبول بنانے کےساتھ ساتھ اس کی نئی جہتوں کو بھی سامنے لانے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔