.

فلسطین کےاعلیٰ مذاکرات کار صائب عریقات کووِڈ-19 کا شکار،اسرائیلی اسپتال منتقل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

فلسطین کے اعلیٰ مذاکرات کار اور تنظیم آزادیِ فلسطین ( پی ایل او) کے سیکریٹری جنرل صائب عریقات کووِڈ-19 کا شکار ہوگئے ہیں۔ انھیں طبیعت بگڑنے کے بعد اتوار کے روز مغربی کنارے میں واقع فلسطینی شہر اَریحا (جیریکو) میں ان کی اقامت گاہ سے ایمبولینس کے ذریعے اسرائیل میں ایک اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔

65 سالہ صائب عریقات نے 8 اکتوبر کو یہ اطلاع دی تھی کہ وہ کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔اس کے بعد سے وہ اپنے گھر ہی میں زیرِعلاج تھے۔

پی ایل او کے محکمہ امورِ مذاکرات نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ڈاکٹر عریقات صحت کے دائمی مسائل سے بھی دوچار ہیں۔اب کووِڈ-19 کا شکار ہونے کے بعد سے ان کا نظامِ تنفس بگڑ گیا ہے اور انھیں علاج کے لیے اسپتال میں لے جانے کی ضرورت تھی۔اس لیے انھیں تل ابیب میں واقع ایک اسپتال میں منتقل کیا جارہا ہے۔‘‘

صائب عریقات کے ایک پھیپھڑے کی 2017ء میں پیوندکاری ہوئی تھی۔اس کے بعد سے وہ نظامِ تنفس کے مسائل سے دوچار ہیں۔عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ انھیں اَریحا میں واقع ان کے مکان سے ایک اسٹریچر کے ذریعے اسرائیلی ایمبولینس میں منتقل کیا گیا تھا۔