.

مسجد نبویﷺ کے زائرین احتیاطی تدابیر پرسختی سے عمل درآمد کریں: السدیس

روضہ رسولﷺ کو زیارت کے لیے کھولنے پرعالم اسلام کو مبارک باد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

الحرمین الشریفین کی جنرل پریزیڈینسی کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے مسجد نبویW کے زائرین اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری دینے والے مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ 'کوویڈ 19' سے بچائو کے لیے لازمی قرار دی گئی احتیاطی تدابیر پرسختی کےساتھ عمل درآمد کریں۔

العربیہ ڈاٹ‌ نیٹ کے مطابق نماز عشا کی امامت کے بعد مسجد نبویﷺ میں نمازیوں اور زائرین روضہ رسولﷺ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ مملکت کے حرمین سے متعلقہ ادارے اور الحرمین الشریفین کی انتظامیہ زائرین کی حفاظت اور سلامتی کے لیے ہمہ وقت سرگرم ہیں تاکہ تمام زائرین آسانی اور سہولت کےساتھ موجودہ وبائی حالات میں عبادت کرسکیں اور عبادت کی ادائی کا یہ سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری رہے۔ مگر یہ صرف اسی صورت میں ممکن ہے کہ ہم سب اور تمام زائرین ان تمام احتیاطی تدابیر پرعمل درآمد یقینی بنائیں جو ہماری صحت کی حفاظت اور سلامتی کے لیے ضروری ہے۔

الشیخ ڈاکٹر السدیس نے کرونا کی وبا کی وجہ سے بند کی گئی مسجد نبویﷺ اور روضہ رسولﷺ کو زیارت کے لیے کھولے جانے پر پورے عالم اسلام کو مبارک باد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن برکت کا دن ہے کہ مسلمان ایک بار پھر روضہ اطہر اور آپ کے اصحاب کی آخری آرام گاہوں کی زیارت کررہےہیں۔

انہوں نے مسجد نبویﷺ میں آنے والے زائرین پر انتظامیہ کے ساتھ تعاون کی اپیل کی۔ انہوں‌ نے خواتین زائرات سے کہا کہ وہ ان تمام ایس اوپیز پرعمل درآمد کریں‌ جو مردوں کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔ خواتین روضہ رسولﷺ میں شرعی حجاب کو یقینی بنائیں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

خیال رہے کہ کل 18 اکتوبر اتوار کے روز سے سعودی عرب کی حکومت نے مسجد حرام اور مسجد نبویﷺ میں نمازیوں اور زائرین کی آمد پرعاید کی گئی پابندی میں مزید نرمی کرتے ہوئے زیادہ تعداد میں نمازیوں کی آمد کی اجازت دے دی ہے۔