امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب پر ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب پر حملے خطے کے امن کو تباہ کرنے کی کوشش ہیں۔
گذشتہ روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے یمن میں حوثی باغیوں کی سعودی عرب کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے 'ٹویٹر' پرایک ٹویٹ میں کہا کہ ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے حملوں سے خطے کی سلامتی کو خطرہ ہے۔انہیں فوری طور پر روکا جانا چاہیئے۔
We condemn Iranian-backed Houthi attacks on Saudi Arabia that threaten regional security and endanger the lives of innocent civilians, including Americans. The Houthis must stop working with Iran, stop threatening regional security, & should work to help the people of Yemen.
— Secretary Pompeo (@SecPompeo) October 29, 2020
امریکی عہدیدار نے زور دیا کہ حوثیوں کو ایران کے ساتھ معاملات روکنا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حوثیوں کے حملوں سے بے گناہ شہریوں کی جانوں اور امریکیوں کی جان کو بھی خطرہ ہے۔
پومپیو کے بیان سے قبل سعودی عرب میں متعین امریکی سفیر جان ابی زید نے مشرق وسطیٰ کے خطے میں امن کے فروغ کی اہمیت پر زور دینے اور خطے میں ایران کے تخریبی رویے کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات پر زور دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں ایران کی مداخلت کا سلسلہ روکنا ہوگا۔
انہوں نے بدھ کے روز ایک ورچوئل پریس کانفرنس میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور امریکا کے تاریخی تعلقات 75 سال پر محیط ہیں اور ان میں ہر آنے والے دن مزید وسعت آ رہی ہے۔