کرونا کی وبا 'جی 20' کے سالانہ سربراہ اجلاس کی سرگرمیوں میں رکاوٹ نہیں: شاہ سلمان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے کہا ہے کہ کوویڈ ۔ 19 کی وبا خطرناک ضرور ہے مگر یہ وبا سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والی 'جی20' سربراہ کانفرنس اور اس کی سرگرمیوں‌ کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق خادم الحرمین کی طرف سے یہ پیغام مملکت کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے گذشتہ روز 'تھاٹ 20' ورچوئل اجلاس کے موقعے پر پڑھ کر سنایا۔ پیغام میں کرونا کی وبا کے نتیجے میں عالمی مالیاتی نظام پر مرتب ہونے والےا ثرات اور بحرانوں‌کے حل کے طریقہ کار پرروشنی ڈالی گئی۔

سعودی پریس ایجنسی 'ایس پی اے' کے مطابق شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ کرونا کی وبا نے ہمیں ایک بار پھر عالمی بحرانوں کے حل لیے مالیاتی نظام کو تقویت دینے پر متوجہ کیا ہے۔ ہمیں ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کی مارکیٹوں میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کر کے عالمی تجارت، معیشت، سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے کے اقدامات کرنا ہوں‌ گے۔

خیال رہے کہ 'ٹی 20' یعنی تھاٹ 20 گروپ میں 'گروپ 20' کے ماہرین، دانشور، مفکرین عالمی امور پرنظر رکھنے والے تجزیہ کار شامل ہیں۔ گذشتہ روز اس گروپ کی صدارت شاہ عبداللہ پٹرولیم ریسرچ اسٹڈیز'کابسارک' کے وائس چیئرمین فہد الترکی کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا۔

اس گروپ کو 'جی 20' کا افکار ونظریات کا بنک' قرار دیا جاتا ہے۔ اس میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے ماہرین شامل ہیں جو جی ٹوئنٹی کی قیادت کو مالیاتی، اقتصادی، سماجی اور ماحولیاتی پالیسیوں کے بارے میں رہ نمائی فراہم کرتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں