اسرائیلی فوجیوں نے غربِ اردن میں ایک فلسطینی سکیورٹی افسر کو گولی مار کر شہید کردیا ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ مقتول نے پہلے پستول سے اسرائیلی فوجیوں پر فائر کیا تھا۔
فائرنگ کا یہ واقعہ غربِ اردن میں واقع شہر نابلس کے نزدیک اسرائیلی فوج کی ایک چیک پوسٹ پر پیش آیا ہے لیکن شہید فلسطینی کی فائرنگ سے کوئی اسرائیلی فوجی زخمی یا ہلاک نہیں ہوا ہے۔
فلسطین کے ایک سکیورٹی عہدے دار نے شہید فلسطینی افسر کا نام بلال رواجبہ بتایا ہے۔ان کا تعلق فلسطین کی دفاعی سکیورٹی فورسز سے تھا۔ اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی افسر کو شہید کرنے کے بعد ان کی لاش بھی اپنے قبضے میں لے لی ہے اور فلسطین کے طبّی حکام کے حوالے نہیں کی ہے۔
بلال رواجبہ نابلس کے نواح میں واقع ایک گاؤں کے رہنے والے تھے۔وہ بدھ کی صبح اپنے گاؤں سے کام کی جگہ پر جانے کے لیے نکلے تھے کہ اسرائیلی فوجیوں نے انھیں اپنی گولیوں کا نشانہ بنا دیا ہے۔
واضح رہے کہ فلسطین کی یہ سکیورٹی سروس غربِ اردن میں تشدد کے واقعات پر قابو پانے کے لیے اسرائیل کے ساتھ تعاون کرتی رہی ہے۔تاہم فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیل کے غربِ اردن کے علاقوں کو ہتھیانے کے ردعمل میں مئی میں صہیونی فوج سے سکیورٹی تعاون ختم کردیا تھا۔