.

دھوکہ دہی سے 1.7 کروڑ ریال ہتھیانے والا پانچ رکنی گروہ گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں حکام نے دھوکہ دہی سے 1.7 کروڑ ریال سے زیادہ ہتھیانے والے پانچ رکنی گروہ کو گرفتار کیا ہے۔

ریاض پولیس کے معاون ترجمان کے حوالے سے العربیہ نامہ نگار نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 'پانچ رکنی گروہ، جس میں تین سعودی اور اقامہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے دو شامی شامل تھے، نے دھوکہ دہی سے سترہ ملین ریال سے زیادہ ہتھیا لیے۔'

ترجمان نے کہا کہ 'یہ لوگ خود کو لا فرم کے کارکن ظاہر کرتے اور بتاتے کہ وہ اسٹاک ایکسچینج ’’تداول‘‘ کمپنیوں کے یہاں پھنسی رقوم نکلوا سکتے ہیں۔ وہ مختلف لوگوں سے رقمیں وصول کر رہے تھے۔'

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ 'ملزمان نے سوشل میڈیا پر اپنی خدمات کی تشہیر کی۔ لوگوں کے بینک اکاونٹ کے خفیہ نمبر حاصل کرکے وارداتیں کر رہے تھے۔'

ترجمان کا کہنا ہے کہ 'پانچ رکنی گروہ نے یہ طریقہ کار اختیار کر کے سعودی شہریوں کے تجارتی اداروں کے اکاونٹس کے ذریعے سترہ ملین ریال بیرون ملک موجود شامی شہری کے اکاؤنٹ میں منتقل کردیے تھے۔'

ریاض پولیس نے ملزمان کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دیا ہے۔