.

سعودی عرب: خواتین کے لیے پہلی فٹبال لیگ چیمپین شپ کا انعقاد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں کھیلوں کی فیڈریشن 'اسپورٹس فار آل" نے اعلان کیا ہے کہ مملکت کی سطح پر خواتین کی پہلی فٹبال لیگ کا آغاز بدھ سے دارالحکومت ریاض میں ہو رہا ہے۔ ایونٹ کا مقصد خواتین کو موقع فراہم کرنے کے ذریعے کھیلوں کی سرگرمیوں کو مضبوط بنانا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے الشرقیہ صوبے میں خواتین ٹیم کی کپتان منیرہ حمدان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں منعقد ہونے والی 'فرسٹ ویمن فٹبال لیگ' میں تین ٹیمیں شریک ہو رہی ہیں۔ ان کا تعلق ریاض، دمام اور جدہ سے ہے۔

منیرہ کے مطابق ان کی ٹیم نے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور اب ان کی توجہ چیمپین شپ پر مرکوز ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر کھلاڑی نے بھرپور جسمانی مشقوں اور تربیت میں حصہ لیا ہے تا کہ وہ اس سیزن میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کر سکے۔

چیمپین شپ کا پہلا راؤنڈ گروپ میچوں پر مشتمل ہو گا۔ دوسرا راؤنڈ ناک آؤٹ بنیاد پر ہو گا۔ چیمپین شپ میں 17 برس اور اس سے زیادہ عمر کی خواتین کھلاڑی شریک ہو سکیں گی۔ چیمپین شپ جیتنے والی ٹیم کے لیے 5 لاکھ سعودی ریال کا انعام رکھا گیا ہے۔