.

اسرائیل سے یو اے ای کے لیے پہلی تجارتی پرواز تل ابیب سے دبئی روانہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسرائیل سے پہلی تجارتی پرواز منگل کے روز تل ابیب کے بن گورین ہوائی اڈے سے متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی روانہ ہوگئی ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ترجمان عفیر جینڈل مین نے عرب میڈیا کے لیے ایک ٹویٹ میں اس پرواز کے اڑان بھرنے کی اطلاع دی ہے۔انھوں نے لکھا ہے کہ ’’ آج مشرقِ اوسط کے لیے ایک اور تاریخی دن ہے اور اسرائیل سے پہلی تجارتی پرواز آج صبح یو اے ای روانہ ہوئی اور وہ دبئی جارہی ہے۔‘‘

گذشتہ جمعرات کو یو اے ای سے پہلی کمرشل پرواز بن گورین کے ہوائی اڈے پر اتری تھی۔اسرائیلی ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور امارات کے درمیان تعلقات روزبروز مضبوط ہوتے جارہے ہیں۔واضح رہے کہ اسرائیل سے پہلا مسافر طیارہ 8 نومبر کو دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا تھا۔ یہ امارت دبئی کی ملکیتی فضائی کمپنی فلائی دبئی کا تھا۔

متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان ستمبر میں معمول کے دوطرفہ تعلقات استوار کرنے کے لیے امن معاہدہ طے پایا تھا۔اس کے بعد سے دونوں ملکوں نے شہری ہوابازی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے کئی ایک سمجھوتوں پر دست خط کیے ہیں۔

نومبر کے اوائل میں دونوں ملکوں کے درمیان فضائی روابط کے فروغ کے لیے طے شدہ سمجھوتے کے تحت اسرائیل کی تین فضائی کمپنیاں دسمبر سے تل ابیب اور دبئی کے درمیان براہِ راست پروازیں چلائیں گی۔دبئی ائیرپورٹس کے مطابق اسرائیل کی قومی فضائی کمپنی ایل آل روزانہ دو پروازیں چلائے گی۔اسریر کی ہفتے میں ان دونوں شہروں کے درمیان چھے پروازیں ہوں گی اور آرکیا روزانہ ایک پرواز چلائے گی۔

دبئی کے دونوں ہوائی اڈوں کے انتظام وانصرام کے ذمہ دار ادارے دبئی ائیرپورٹس نے بتایا تھا کہ’’ایل آل بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے کو اپنی سروس کے لیے استعمال کرے گی۔اسریر دونوں شہروں کے درمیان ائیربس اے 320 اڑائے گی اور آرکیا اپنی روزانہ کی ایک پرواز کے لیے ایمبرائر ای 195 ای جیٹ ائیرکرافٹ استعمال کرے گی۔‘‘

فلائی دبئی نے گذشتہ ماہ تل ابیب کے لیے ہفتے میں دو پروازیں چلانے کا اعلان کیا تھا۔ دبئی کی ملکیتی اور یو اے ای کی سب سے بڑی فضائی کمپنی امارات (ایمریطس) ائیرلائن فلائی دبئی سروس کے ساتھ ایک مشترکہ سمجھوتے کے تحت اسرائیل جانے اور وہاں سے آنے والے مسافروں کو ٹکٹ فروخت کرے گی۔اس کے علاوہ اسرائیل اور یو اے ای کے درمیان ہفتے میں 10 مال بردار پروازیں بھی چلائی جائیں گی۔